اسلام آباد/ لاہور/ گوجرانوالہ (صباح نیوز/ نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے لانگ مارچ کی تاریخ کل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے آگے سمندر اور پیچھے عوام کو لے کر میں کھڑا ہوں‘ قاتل، لٹیروں اور منشیات فروشوں کو ہم پر مسلط کردیا گیا‘ شہباز شریف فوجی بوٹ ایسے پالش کرتا ہے کہ شکل نظرآتی ہے‘ فوجی افسران و اہلکاروں کی فیملیز بھی اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کریں گی‘ پیسے زرداری بنا رہا ہے‘ گالیاں ن لیگ کو پڑ رہی ہیں‘ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد حمزہ حکومت کا خاتمہ ہو چکی‘ میری حکومت کے کام پر پانی پھیر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں وکلا کنونشن ، گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب ، چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات اور ٹوئٹر پیغام میں کیا۔ عمران خان نے حکومت کے خلاف اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ جمعے کے روز ہونے والے ملتان کے جلسے میں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوروں کو دفن کرنے کے لیے شروع ہونے والی تحریک میں وکلا کی ضرورت ہے‘ پاکستان کی تاریخ میں کوئی تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوئی جب تک وکلا اس میں شامل نہیں ہوئے‘ پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے میں آج سب وکیلوں کو دعوت دے رہا ہوں کہ آپ سب نے میرے ساتھ اس تحریک میں شامل ہونا ہے‘ قانون کی حکمرانی کے خلاف ایک بڑی واردات ہوئی ہے کہ ایف آئی اے جس نے شہباز شریف اور اس کے بیٹے حمزہ شہباز پر24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیسز کیے تھے، وہ اس کے اوپر آ کر بیٹھ گئے اور اس ساری تفتیشی ٹیم کو گھر بھیج دیا‘ اپنے خلاف بنائے گئے کیسز کو ختم کرکے اپنے ڈاکے کو این آر او دیا، دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اتنی بڑی واردات نہیں ہوسکتی‘ اس معاملے پر اپنے وکیلوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ان کو عدالت عظمیٰ اور ہائی کورٹ میں جانا چاہیے کہ اگر آپ اتنے بڑے ڈاکے کی اجازت دے دیں گے تو پھر پاکستان جیلیں کھول دیں، غریبوں کو کیوں جیل میں ڈالتے ہیں‘ ہماری تحریک ان چوروں کو ہمیشہ کے لیے دفن کرنے کے لیے ہے اور ملک کو امریکا کی غلامی سے ہمیشہ کے لیے آزاد کرانے کے لیے ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کے بڑے ڈاکوئوں، قاتل، لٹیرے، منشیات فروشوں کو ہم پر مسلط کردیا گیا ہے‘ ہم اس مافیا اور ڈاکوئوں کا مقابلہ کریں گے اور بری طرح شکست دیںگے‘ اسی ماہ اسلام آباد میں اپنی حقیقی آزادی کی جنگ جیت کرایک نیا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاست نہیں ہو رہی بلکہ انقلاب آرہا ہے‘ سارا مافیا ایک طرف اور قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے‘ امریکی سازش کے ذریعے بڑے ڈاکوئوں کو اکٹھا کرکے منتخب حکومت کو گرایا گیا‘ امریکی سازش کو ناکام بنانے کے لیے اسلام آباد بلا رہا ہوں‘ ہماری حکومت اس وقت ہٹائی گئی جب تاریخ میں سب سے تیزی سے ملکی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا‘ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہمارے دور میں ہوئی‘ ہم نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے محنت بہت کی، بہت جوتے پالش کیے‘ امریکی سفارتخانے سے جو بھی آتا تھا شہباز شریف جوتے پالش کرتا تھا، آصف زرداری آج سب سے زیادہ خوش ہے، اس کے دانت نکلے ہوئے ہیں، پیسے وہ بنا رہا ہے‘ آصف زرداری وفاق میں بھی بیٹھا ہے، آصف زرداری نے سندھ بھی لیا ہوا ہے‘ گالیاں ن لیگ کو پڑرہی ہیں، واقعی آصف زرداری آپ ن لیگ پر بھاری ہو‘شہباز شریف چیری بلاسم سے فوجی بوٹ ایسے پالش کرتا ہے کہ اپنی شکل نظرآتی ہے‘ بزدل نوازشریف دوسری دفعہ ملک چھوڑ کر بھاگا ہے‘ دونوں بھائی اب پھنس گئے ہیں‘ آگے سمندر اور پیچھے عمران خان کھڑا ہے‘ آگے جاتے ہیں تو سمندر، پیچھے عمران خان عوام کو لیکر کھڑا ہے‘ مسلم لیگ والو سن لو! آپ لوگوں کو30سال ہر بار بچایا گیا‘30 سال سے دونوں بھائی ظلم کر رہے تھے، کان کھول کرسن لو! ڈاکو تمہارا وقت آگیا عوام کا سمندر تمہیں بہالے جائے گا‘ شہباز غلط فہمی میں نہ رہنا ہم نے تمہیں نہیں چھوڑنا‘ ڈاکٹررضوان تمہاری وجہ سے مرا‘ شہباز شریف وقت زیادہ دورنہیں تم جیسے ہی اقتدارسے باہرہوئے ہم تمہیں جیل میں ڈالیں گے‘ تمہارے کیس کو وہی سے شروع کریں گے جہاں سے چھوڑا تھا‘ 30 سال بعد اسمبلی ڈیزل کے بغیرچل رہی تھی‘ اب یہ پھرڈیزل کو لے آئے ہیں‘ عدالت عظمیٰ کو لوٹوں کوفارغ کرنے پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں‘ اب تو پولیس اور فوج کے افسران و اہلکاروں کی فیملیز بھی ہمارے ساتھ اسلام آباد جائیں گی ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ مجرموں نے میری ٹیم کے کام پر پانی پھیر دیا ہے‘ پی ٹی آئی حکومت ہٹائی گئی تو ہم 6 فیصد معاشی شرح نمو کے حصول کے قریب تھے۔ عمران خان کی اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی سے ملاقات ہوئی ہے‘ جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ مشاورت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز کی جعلی حکومت کا خاتمہ ہوچکا‘ اور اب حمزہ شہباز فوری طور پر وزیر اعلیٰ آفس چھوڑ دیں۔