لاہور(جسارت نیوز)انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر اور یارکشائر کائونٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈیرن گف نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بہت اچھا وقت ہے اور انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستان آنے کے منتظر ہیں۔لاہور قلندرز کی دعوت پر پاکستان آنے والے ڈیرن گف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم اس وقت تینوں فارمیٹ میں آل رائونڈ کارکردگی دکھارہی ہے ، نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیمپرا منٹ ہے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بیٹر نے غیر معمولی بیٹنگ کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں انگلینڈ کے کئی کھلاڑی کھیلتے ہیں اور ہمارے کھلاڑی پاکستان آنے کے منتظر ہیں ، یہ ایک اچھی سیریز ہو گی۔ڈیرن گف کا کہنا تھا کہ کہ ایک بار پھر ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹرز اچھے دکھائی دے رہے ہیں ، ان میں ایک بابراعظم بھی ہیں ،بابر میں قدرتی ٹیلنٹ ہے ، وہ کامیاب بیٹرز میں شامل ہیں ، وہ اننگز کے آغاز میں وقت لیتے ہیں لیکن گریٹ فنشر ہیں ، بابر اعظم ایک خاص ٹیلنٹ ہیں ، ان کے پاس سب شاٹس ہیں اورکچھ ایسے ہی ہمارے جو روٹ ہیں۔