ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بجلی کا شارٹ فال 6580 میگاواٹ ،16 گھنٹے لوڈشیڈنگ

اسلام آباد(صباح نیوز) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 580 میگاواٹ ہوگیا، 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری،ایندھن کی کمی کے باعث پیداوار کوئلے اور ایل این جی سے چلنے والے پلانٹس بند ہوگئے،بجلی کی قیمت میں مزید 4 روپے 5 پیسے اضافے کا امکان، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نیپرا 31مئی کو سماعت کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 19 ہزار 420میگا واٹ رہ گئی جبکہ طلب 26ہزار میگا واٹ سے زاید ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایندھن کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوارمزید کم ہو گئی ہے اور بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 6ہزار580میگاواٹ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار 19ہزار 420میگاواٹ رہ گئی ہے اور بجلی کی کل طلب 26ہزار میگاواٹ سے زائد ہے، اس وقت میں ملک کے مختلف علاقوں میں 12سے 16گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی پاور پلانٹس کو کوئلے اور ایل این جی کی پوری مقدار نہیں مل رہی، ایندھن کی کمی سے کوئلے اور ایل این جی والے پلانٹس بند ہونے سے پیداوار میں کمی آئی، حکومت نے ایل این جی کے سودے کر لیے ہیں اور رسد کے لیے ڈالروں میں ادائیگی ضروری ہے، لیکن ادائیگی نہ ہونے سے ایندھن کی فراہمی نہیں ہو رہی۔علاوہ ازیں بجلی مزید 4روپے 5پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے ) نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی ،نیپرا 31مئی کو سماعت کرے گا۔ اپریل میں 13 ارب 55کروڑ یونٹس سے زاید بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10روپے 66پیسے فی یونٹ رہی۔ اپریل کے لیے ریفرنس لاگت 6 روپے 60پیسے فی یونٹ مقرر تھی، نیپرا اتھارٹی سماعت کے بعد فیصلہ کرے گی۔ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔مزید برآں نیپرا میں جولائی 2019ء سے جون 2021 ء کے دوران کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات پر آئیسکو پر 6 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عاید کر دیا۔ نیپرا کے مطابق مذکورہ مدت 2 سال کے دوران بجلی سے 39 افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ اتھارٹی نے آئیسکو کو متاثرہ خاندانوں کو 35 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی اور معاوضے اور سوگوار خاندانوں کو ملازمت بھی دینے کی ہدایت کی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں