ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

ڈالر سابقہ ریکارڈز توڑ دیئے،202 روپے پر فروخت ،350 روپے سونا مزید مہنگا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ڈالر نے سابقہ ریکارڈز توڑدیے ہیں، جمعہ کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 202 روپے پر فروخت ہوا دوسری جانب فی تولہ سونا بھی مزید 350 روپے مہنگا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی پاکستانی روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اڑان کا تسلسل جاری رہا جہاں کاروبار کے آغاز پر ہی امریکی ڈالر تمام سابقہ ریکارڈز توڑتے ہوئے 201روپے سے بھی تجاوز کرگیا تھا لیکن بعد ازاں اس کی قدر میں مزید اضافہ رک گیا لیکن ڈالر کے انٹربینک ریٹ 200 روپے کی نئی بلند ترین سے سطح سے بھی تجاوز کرگیا۔ کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 15 پیسے کے اضافے سے 200 روپے 14 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروباری دورانیے میں ڈالر کی قدر اگرچہ 50 پیسے کے اضافے سے 202روپے کی بلند سطح پر بھی ٹریڈ ہوا لیکن کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے اوپن ریٹ بغیر کسی تبدیلی کے 201روپے کی سطح پر ہی مستحکم رہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش داخلی مالیاتی چیلنجز اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل سمیت دیگر کموڈٹیز کی بڑھتی ہوئی قیمتیں پاکستانی روپے کی بے قدری کا باعث ہیں لیکن حکومت کی جانب سے زرمبادلہ کی بچت اور درآمدی بل میں ماہوار ایک ارب ڈالر کی کمی کی غرض سے ملک میں درآمد ہونے والی 80 اشیائے تعیش کی درآمدات پر پابندی کے احکامات اور پاکستان کی دوحہ میں آئی ایم ایف حکام کے ساتھ جاری مذاکرات میں مطلوبہ شرائط تسلیم کیے جانے سے قرض پروگرام ٹریک پر آنے کے نتیجے میں قرضوں کی اگلی قسط ملنے کی امید پر ڈالر کی بے لگام اڑان کا تسلسل رکنے کے بھی توقعات پیدا ہوگئے ہیں۔علاوہ ازیں بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 13 ڈالر کے اضافے سے 1843 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 350 روپے اور 300 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 138700 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 118913 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں