حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) شدید گرمی کے دوران بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز ناکارہ ہوگئے، حیسکو انتظامیہ نے آنکھیں بند کرلی،پھلیلی کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ بلاک کردی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزایکسٹیشن کالونی یونٹ نمبر4میں بجلی بندش کے باعث پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی، علاقے میں ایک ماہ سے بجلی کا مسئلہ چل رہاہے ،ٹرانسفارمر لگنے کے ایک یا دو روز بعد دوبارہ خراب ہوجاتا ہے،متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود امید علی سب ڈویژن کا عملہ کوئی دلچسپی نہیں لے رہا پریٹ آباد کے علاقے امیر نبی ٹاون نزد امیر حمزہ مسجد کے علاقہ کا ٹرانسفارمر مسلسل 5روز سے خراب ہونے کی وجہ سے علاقہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی کے موسم میں شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ علاقہ مکینوں نے حیسکو چیف سے اپیل کی ہے ان کے علاقہ کے ٹرانسفارمر کو فوری طور پر ٹھیک کرکے اذیت سے نجات
دلائی جائے۔ دوسری جانب پھلیلی میں بھی کئی روز سے ٹرانسفارمر خراب ہے، متعدد بار شکایتوںکے باوجود حیسکو عملہ داد رسی سے قاصر ہے، بجلی نہ ہونے کے باعث علاقے میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے، مکینوںنے بجلی بندش کیخلاف بدری ہوٹل کے قریب ٹائر نذر آتش کرکے شاہراہ بلاک کردی۔ادھر لطیف آباد نمبر11ربانی مسجد کے قریب 3روز سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث علاقہ بجلی سے محروم ہیں جبکہ الیاس آباد، لیاقت کالونی ،لطیف آباد کے مختلف یونٹ میں بھی بجلی کا بحران جاری ہے جس کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہوگئے اور پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔