پشاور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے لیے 3 ہفتوں کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔
درخواست ضمانت پر سماعت عدالت عالیہ کے چیف جسٹس قیصر رشید نے کی جس میں عمران خان ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 2 نفری راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ 25 جون سے قبل اسلام آباد کی متعلقہ سیشن عدالت سے رجوع کیا جائے۔
خیال رہے کہ 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کے واقعات پر عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے مختلف رہنماؤں پر مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔
عمران خان پر کار سرکار میں مداخلت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی مجموعی طور پر 14 ایف آئی آرز درج ہوئی تھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کے توسط سے راہداری ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
خیال رہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ تھی اور دارالحکومت میں اکٹھے ہونے والے پی ٹی آئی کی ریلی کے شرکا مشتعل ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور سرکاری اور نجی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا تھا۔
اس حوالے سے درج مقدمات میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما کی زیر قیادت ریلی کو روکتے ہوئے انہیں دفعہ 144 کے نفاذ کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، تاہم عمران خان کے حکم پر پارٹی رہنماؤں راجا خرم نواز اور علی نواز اعوان نے ریلی کے شرکا کو اکسایا جس کے نتیجے میں انہوں نے پولیس کے خلاف مزاحمت کی اور ان پر پتھر برسائے۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 3 مقدمات تھانہ کوہسار میں درج کیے گئے جبکہ بھارہ کہو اور گولرا میں دو، دو اور آبپارہ، ترنول، کراچی کمپنی، کورال، لوئی بھیر، مرگلہ، سیکریٹریٹ اور سہالہ پولیس اسٹیشن میں ایک، ایک مقدمے کا اندراج کیا گیا۔
منبع: ڈان نیوز
The post سابق وزیراعظم عمران خان کی راہداری ضمانت منظور کرلی گئی appeared first on شفقنا اردو نیوز.