امریکہ نے یوکرین پر روس کے حملے پر دباؤ بڑھاتے ہوئے گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے قریبی احباب اور ماسکو کی اشرافیہ کو پر تعیش بحری جہاز فراہم کرنے والی ایک کمپنی کو بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے ۔
امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ نئی امریکی پابندیوں میں روس کی17 شخصیات بشمول پیوٹن کے قریبی ساتھی سرگئی رولڈوگن، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروفہ سمیت 5 اشرافیہ کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فہرست میں 16 ادارے،7 بحری جہاز اور تین ہوائی جہاز بھی شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ، یہ پابندیاں روس کی اشرافیہ بشمول صدر ولادیمیر پیوٹن کے استعمال کردہ کلیدی نیٹ ورکس کو نیچا دکھانے کے لیے لگائی گئی ہیں، جو پیسہ چھپانے اور منتقل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور گمنام طور پر دنیا بھر میں لگژری اثاثوں کا استعمال کرتے ہیں۔