ڈڈیال: ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے کہاہے کہ حکومت آزاد کشمیر کی ہدایات پر شہری مسائل کے حل کے لئے جملہ افسران اپنی ذمہ داریوں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔گرمی کی شدت کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیشنل کنٹرول سنٹر کی طرف سے دورانیہ سے زائد لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ڈڈیال شہر میں پانی کی سپلائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔جن ایریا میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ٹیوب ویلز نصب ہیں ان فیڈر پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم کروانے کے لئے نیشنل کنٹرول سنٹر اسلام آباد سے خصوصی رعایت حاصل کی جائے تاکہ پانی کی فراہمی کا معاملہ حل ہوسکے۔
امن و امان کے قیام سمیت دیگر شہری سہولیات کی فراہمی میں بھی افسران اور جملہ سرکاری ملازمین کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت نہ برتیں۔دفاتر میں آنے والے سائلین کی شکایات کا بھی بروقت ازالہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ڈڈیال میں شہری سہولیات کی فراہمی اور عوامی شکایات کے ازالہ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایس ایس پی کامران علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری یاسر ریاض،اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال سردار فیصل مغل،ڈی ایس پی چوہدری انصر علی،تحصیلدار سیماب اسلم،ایکسین برقیات ارسلان انجم،ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ چوہدری ثاقب، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اسلم محمود کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔