کراچی: امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر بھارت میں حکمران پارٹی بی جے پی کے متعصب ہندو رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف شہر بھر میں مختلف مساجد کے باہر مظاہرے ہوئے جن سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء و دیگر ذمہ داران کے علاوہ بلدیاتی انتخابات میں نامزد چیئرمینز و وائس چیئرمینز نے خطاب کیا۔
میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے کے شرکاء نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور مسلم دشمن بی جے پی کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور پاکستان سے بھارتی سفیر کو بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندو شر پسند لیڈروں کے خلاف نعرے درج تھے۔
نعروں میں نعرہ تکبیر اللہ اکبر، غلامی رسول ؐ میں موت بھی قبول ہے، حرمت رسول ؐپر جان بھی قربان ہے، حکمرانو! شرم کرو ڈوب مرو، بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرو، حکمرانو! بھارت سے دوستی ختم کرو شامل تھے۔ اس موقع پر سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، جماعت اسلامی مینارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ، جنرل سکریٹری پرویز برکت ودیگر بھی موجود تھے۔