کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی کا نظریہ ملک کے طول و عرض میں مقبولیت حاصل کررہا ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ظالم کمزور ہوگیا ہے، قوم اب پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ دے کر مظلوموں کی ایسی قوت بنائے کہ ظالم ظلم نہ کر سکے۔
مہاجروں کو اب فیصلہ کرکہ باکردار، قابل اور محنتی قیادت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ سب کچھ عیاں ہونے کے بعد اگر ظالم کا احتساب کرنے کے بجائے اس کے ساتھ کھڑے ہونگے تو خود بھی ظالموں میں شمار ہونگے۔ ہم ہی کراچی اور ملک کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت، علم، تجربہ اور جذبہ رکھتے ہیں کیونکہ ہم نے ہی اسے پہلے بھی بنایا تھا۔
پاک سرزمین پارٹی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے تین اہم آئینی ترامیم کی تجاویز پیش کی ہیں۔ پہلی آئینی ترمیم کے تحت وزیراعظم اور وزیراعلی کی طرح میئر کے اختیارات اور ڈپارٹمنٹ بھی آئین میں درج کیے جائیں، دوسری ترمیم کے زریعے جس طرح آئین پاکستان میں این ایف سی ایوارڈ درج ہے اسی طرح پی ایف سی ایوارڈ آئین میں درج کرکہ وفاق براہِ راست ڈسٹرکٹ کو اسکو حصہ دے۔