اسلام آباد: ایندھن اور ڈالر کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے اندرون و بیرون ممالک کرایوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق ملکی و غیر ملکی ایرلائنز کی جانب سے اندرون و بیرون ممالک پروازوں کے کرایوں میں 25 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ لاہور سے دبئی، شارجہ، کراچی، ٹورنٹو، دمام اور سعودی عرب جانے والی پروازوں کے دو طرفہ کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
لاہور سے پی آئی اے کا کراچی کے لیے دو طرفہ کرایہ 64 ہزار 150 روپے جبکہ ایگزیکٹیو اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 85 ہزار 930 روپے کا ہوگیا۔
کراچی سے پی آئی اے کا اسلام آباد کے لیے اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 46 ہزار 600 روپے جبکہ ایگزیکٹیو اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 76 ہزار روپے سے تجاوز کرگیا۔
اسی طرح لاہور سے پی آئی اے کا ٹورنٹو کے لیے دو طرفہ کرایہ 4 لاکھ 58 ہزار 716 روپے جبکہ ایگزیکٹیو اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 6 لاکھ 67 ہزار روپے سے بڑھ گیا ہے۔
لاہور سے پی آئی اے کا شارجہ کے لیے اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 1 لاکھ 13 ہزار روپے 927 تک بڑھ گیا جبکہ لاہور سے دبئی اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 1 لاکھ 9 ہزار روپے تک ہوگیا۔
لاہور سے پی آئی اے کا دمام کے لیے اکانومی کلاس کا دو طرفہ کرایہ 1لاکھ 35ہزار 222 روپے تک پہنچ گیا۔