اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) لانگ مارچ کے دوران تھوڑ پھوڑ کے معاملہ پر سیشن جج کامران بشارت مفتی نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 20 جون تک توسیع دے دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت 38 ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ،دوران سماعت جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا مقدمات کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے جس پر پراسیکیوٹر واجد منیر نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔
اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ کتنے لوگ ہیں جو ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے اس موقع پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ بہت سارے بیان ہو چکے ہیں لیکن بڑی تعداد میں لوگوں نے تفتیش جوائن نہیں کی۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے رہنما تھانوں میں گئے لیکن جواب ملا صاحب موجود نہیں ہیں ،اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم اس طرح کرتے ہیں تھانہ وائز درخواست ضمانتوں پر بحث رکھ لیتے ہیں اس موقع پر بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ اب جسطرح چل رہا ہے اسی طرح جانے دیں ہم آپ کو مایوس نہیں کرینگے۔
سب ملزمان پیش ہونگے ،اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ تمام ملزمان کو شامل تفتیش کروا لیں اور انکی حاضری بھی لگوا لیں یہ شکایت کر رہے ہیں تھانوں میں جاتے ہیں تفتیشی نہیں ملتاعدالت نے پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت ہی میں سب کو شامل تفتیش کرنے کی ہدایت کر دی۔