پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا ) نے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔ پیمرا کی جانب سے اے آر وائی کو یہ نوٹس وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی سرکاری رہائش گاہ کے حوالے سے خبر پر جاری کیا گیا ہے۔
پیمرا کی جانب سے اے آر وائی نیوز کو سات روز میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر تادیبی کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے یہ خبر دی تھی کہ مفتاح اسماعیل منسٹرز انکلیو کے 22 نمبر بنگلے میں منتقل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے گھر میں منتقل ہونے سے پہلے اس کی تزئین و آرائش کروائی جس پر 48 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے منسٹر انکلیو کے گھر میں منتقل ہونے کی اے آر وائی کی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف 7 ٹو کے گھر میں رہتا ہوں، مجھے منسٹر انکلیو میں گھر دیا گیا ہے لیکن وہاں گیا تک نہیں۔
1) I live in a home in F7. 2) I have been assigned a home in ministers’ enclave but have never visited that home have no intention of moving there. 3) Not one penny has been spent on that house. 4) I have not taken a car from the govt nor do I take any petrol or salary. pic.twitter.com/NZM48o5NyN
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) June 16, 2022
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ میرا منسٹر انکلیو کے گھر میں منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، منسٹر انکلیو والے گھر میں ایک پیسہ تک خرچ نہیں کیا گیا، میں نے حکومت سے نہ گاڑی لی اور نہ ہی پیٹرول و تنخواہ لیتا ہوں۔