لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ تاخیر سے معاہدہ کیا اور ہمیں ان کے ساتھ ہر قیمت پر معاہدہ کرنا تھا، اب آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ کوشش کی پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑیں، یہ بھی سوچا کہ کہ قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن الیکشن میں جاتے اور ملک کو نگران سیٹ کے حوالے کیا جاتا تو ملک ڈیفالٹ کی طرف جا سکتا تھا، پاکستان کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال ساری قیادت کے مل بیٹھ کربات کرنے سے حل ہوگی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے صرف فرح گوگی اوراحسن گجر کی تقدیر بدلی۔ملک کے لئے کچھ کرسکتے تو چار سالوں میں کرلیتے۔ ایک شخص کے علاوہ سب اکٹھے ہیں۔ ایک شخص ہرایک کو گالی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کی آنکھ کے اشارے سے ملک ہل جاتا تھا آج وہ خود ہل بھی نہیں سکتا، شہدا کی قربانی قوموں کی تقدیر کو بدلتی ہے، شہید کا قرض تو پوری قوم پر ہوتا ہے۔
رانا ثناء نے کہا کہ ایک فرد واحد انتشارپھیلانے پر تلا ہوا ہے، تکبر اور غرور انسانوں کو تباہ کرتا ہے، عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، عمران خان کہتے ہیں وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے اورلوگوں کوگالیاں دیتے ہیں، یہ کہتے ہیں فلاں کو نہیں چھوڑوں گا ، ایک انسان کی اوقات کیا ہے ؟ اس قسم کی گفتگو قوم کو نقصان پہنچاتی ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ نامعلوم حملہ آوروں کو ’معلوم‘ کرنے کے لیے پنجاب حکومت کوپورا تعاون دیں گے، تنقید پر تشدد کا خود نشانہ بن چکے ہیں، ایسے واقعات کوبرداشت نہیں کیاجاسکتا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے لاہور میں سینئر صحافی ایاز امیر کی خیریت دریافت کی اور ان پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔