ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جنوبی ایران میں 6.1 شدت کے زلزلے میں 5 افراد ہلاک

جنوبی ایران میں 6.1شدت کے زلزلے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس زلزلے کے بعد ملک میں 6.3 شدت کے مزید دو زلزلے بھی آئے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے سربراہ مہرداد حسین زادہ نے بتایا کہ زلزلے میں پانچ افراد مارے گئے جبکہ اب تک 12 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا جا چکا ہے، ریسکیو کا کام جاری ہے اور ہم ایمرجنسی بنیادوں پر رہائش کے لیے ٹینٹ فراہم کررہے ہیں۔

سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق 6.3 اور 6.1 شدت کے زلزلوں سے قبل ایک 6.1 شدت کا ایک اور زلزلہ بھی آیا تھا جس سے ایرانی گاؤں سائے خوش بری طرح متاثر ہوا اور کئی مکان زمین بوس ہو گئے، اس کے بعد ایک درجن سے زائد آفٹر شاکس بھی آئے۔

بندر لینگے کے گورنر فواد مراد زادہ نے کہا کہ تمام افراد پہلے زلزلے میں ہی ہلاک ہوئے اور بعد میں آنے والے دو زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ لوگ پہلے ہی خوف کے مارے اپنے گھروں میں آ گئے تھے۔

ادھر خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ایران کی اہم جغرافیائی فالٹ لائنز پر گزرے سالوں کے دوران کئی تباہ کن زلزلے آئے ہیں اور 2003 میں صوبہ کرمان میں 6.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 31ہزار سے زائد افراد ہلاک اور شہر بام صفحہ ہستی سے مٹ گیا تھا۔

متحدہ عرب امارات میں بھی زلزلے کے جھٹکے

متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب دو مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور خوف کے عالم میں شہری زڑکوں پر نکل آئے۔

کچھ شہریوں نے یہ دعویٰ تک کیا کہ وہ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے نیند سے جاگ گئے جبکہ کچھ نے فرنیچر اور دیگر سامان ہلنے تک کا دعویٰ کیا۔

یہ جھٹکے دبئی سے شارجہ اور ابوظہبی سے راس الخیمہ تک ایک بڑے علاقے میں محسوس کیے گئے جہاں کچھ ٹوئٹر صارفین کے مطابق یہ جھٹکے پانچ منٹ تک محسوس کیے جاتے رہے۔

معروف پاکستانی میزبان فخر عالم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے زلزلے کو انتہائی خطرناک قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے دبئی میں 20سال رہائش کے دوران اتنے طویل زلزلے کے جھٹکے محسوس نہیں کیے۔

انہوں نے دوبارہ ٹوئٹ کرتے ہوئے ایک اور زلزلے کے جھٹکے کی اطلاع دی اور بتایا کہ یہ پہلے والے جھٹکوں جتنا ہی طویل تھا، لوگوں نے ان کے آس پاس عمارتیں خالی کرنی شروع کردی ہیں اور وہ بھی خود پارکنگ لاٹ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

منبع: ڈان نیوز

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں