فیصل آباد: محکمہ انسداد بدعنوانی پنجاب نے فرح گوگی کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کے کیس میں 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) سے ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن ذرائع نے بتایا کہ فیڈمک کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسررانا یوسف اور سیکرٹری سپیشل اکنامک زون کمیٹی مقصود احمد پر فرح گوگی کو فیصل آباد سپیشل اکنامک زون میں انتہائی قیمتی دس ایکڑ زمین کوڑیوں کے بھاؤ الاٹ کرنے کا الزام ہے۔
ملزمان پر فرح گوگی اور ان کی والدہ کی کمپنی المعز ڈیری کو غیر قانونی طور پر 60 کروڑ مالیت کا پلاٹ صرف 8 کروڑ 30 لاکھ روپے میں الاٹ کیا۔ انڈسٹریل پلاٹ حاصل کرنے کے لیے فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے 2 و ارب کی جعلی گارنٹی دی۔ اینٹی کرپشن فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے اثاثوں کی چھان بین بھی کر رہی ہے۔
اینٹی کرپشن فیصل آباد ریجن نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ 3 رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کیس کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔