غذر: پاک فوج نے نانگا پربت چوٹی سر کرنے کے بعد لاپتا ہونے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف اور ساتھی کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہروز کاشف اور فضل علی کو نانگا پربت سے بحفاظت گلگت پہنچا دیا گیا، پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹرز نے پھنسے ہوئے کوہ پیماؤں کو نانگا پربت بیس کیمپ سے جگلوٹ پہنچا دیا۔
دونوں کوہ پیماؤں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی طبیعت کو اطمینان بخش قرار دیا اور کسی بھی خدشے کے پیش نظر تھوڑی دیر کی لیے نگرانی میں رکھا۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل شہروز کاشف کے والد نے بتایا کہ شہروز اور انکے ساتھی چوتھے سے تیسرے بیس کیمپ پر آتے دکھائی دیئے ہیں، دونوں کوہ پیماؤں کی کسی نے مدد نہیں کی۔
کاشف سلمان کا کہنا تھا کہ نانگا پربت سر کرنے کے بعد کل شام 7 بجے شہروز کا بیس کیمپ ٹریک سے رابطہ ختم ہوگیا تھا۔ بیٹے کے حوالے سے پریشان والد نے سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کو آرمی ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔