دہشتگردی پھر سے سر اٹھانے لگی خیبر پختونخواہ پولیس پھر سے شر پسند عناصر کے مذموم مقاصد کا آسان حدف بن گئی۔ مردان کے بعد نوشہرہ میں دو مقامات پر دوران گشت پولیس موبائل اور رائڈر پر شر پسند عناصر کی فائرنگ سے اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
نوشہرہ میں تھانہ کلاں کی حدود خویشگی میں دوران گشت پولیس موبائل وین پر فائرنگ سے ڈرائیور زخمی ہوا۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ تھانہ مصری بانڈہ کی حدود میں پیش آیا۔ مصری بانڈہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی طاہر خان زخمی ہوئے۔
پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے دہشتگرد ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔ دونوں واقعات میں زخمی پولیس اہلکاروں کو قاضی میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ معمول کی طرح پولیس نے دونوں مقامات پر شر پسند عناصر کیخلاف سرچ آپریشن کیا لیکن کچھ ہاتھ نہ آیا۔
خیبرپختونخوا میں تقریباً روز ہی پولیس پر حملے کیے جارہے ہیں۔ اس نئی لہر میں کئی اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔