ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دہلی مظاہرہ: ’خواتین کے ساتھ پولیس کی بربریت حدیں پار کر رہی ہے‘، راہل گاندھی نے شیئر کی متاثرین سے ملاقات کی ویڈیو

دہلی میں ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف گزشتہ دنوں کئی مظاہرے ہوئے۔ ان مظاہروں کے دوران طالبات و خواتین دہلی پولیس کے ساتھ ساتھ ہندوتوا تنظیموں سے منسلک لوگوں کی بربریت کا شکار ہوئیں۔ ایسی کئی خبریں اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں نہ صرف طالبات و خواتین پر جبر دیکھنے کو مل رہا ہے بلکہ نازیبا حرکتیں بھی سامنے آئی ہیں۔ کچھ ایسی ہی متاثرہ طالبات و خواتین سے راہل گاندھی نے ملاقات کی، جس کی ویڈیو آج انھوں نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں طالبات و خواتین اپنے ساتھ ہوئے واقعات کو بیان کرتے ہوئے بہت پریشان نظر آ رہی ہیں اور ملک کے موجودہ حالات پر فکر مند بھی دکھائی دے رہی ہیں۔

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’جنسی استحصال، کپڑے کھینچنا اور پرائیویٹ پارٹس پر حملہ… جمہوریت کے لیے آواز اٹھانے والی طالبات و خواتین کے ساتھ دہلی پولیس کی بربریت شرمناک طریقے سے حدیں پار کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ سب آوازوں کو دبانے کی اس سازش کا حصہ ہے، جس میں اتنا ڈرا دو، اتنا بے عزت کرو کہ کوئی دوبارہ سوال اٹھانے کی ہمت ہی نہ کرے۔‘‘ ویڈیو میں ایک خاتون کہتی ہوئی نظر آتی ہے کہ انھیں اچانک اور زبردستی اس طرح گھسیٹا جا رہا تھا کہ کپڑے ٹھیک کرنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔ ایک طالبہ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے کچھ لوگ لڑکیوں کو چھیڑنے کا موقع تلاش کر رہے تھے۔

طالبات و خواتین کی باتیں سننے کے بعد راہل گاندھی نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے رہنے کا یقین بھی دلایا۔ اس معاملے پر راہل گاندھی اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مودی شاہ جانتے ہیں، جس دن اقتدار ہاتھ سے گیا، اس دن ان کی منمانی کی کہانی ختم۔ ان کا یہی ڈر پولیس تک پہنچتا ہے اور تشدد بن کر ملک کے نوجوانوں و خواتین پر ٹوٹ رہا ہے۔‘‘ اس معاملہ میں کانگریس نے بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’نریندر مودی، امت شاہ پولیس استحصال کے زور پر عوام کی آواز دبانا چاہتے ہیں، لیکن اب یہ ممکن نہیں ہے۔ ملک حقیقت جان چکا ہے اور بی جے پی حکومت لوگوں کو ڈرا دھمکا نہیں سکتی۔ ہم نہ ڈریں گے، نہ جھکیں گے۔ ناانصافی کے خلاف لڑتے رہیں گے۔‘‘

طالبات و خواتین سے ملاقات کی ویڈیو کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے اور کچھ تصویریں بھی جاری کی ہیں۔ ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’دہلی پولیس نے بربریت کی حدیں پار کی۔ جمہوریت کے لیے آواز اٹھانے والی طالبات و خواتین کے ساتھ ظلم کیا گیا۔ یہ آواز دبانے کی سازش ہے۔‘‘ ساتھ ہی لکھا گیا ہے ’’کیونکہ مودی-شاہ جانتے ہیں کہ جس دن اقتدار ہاتھ سے گیا، اس دن ان کی منمانی کی کہانی ختم ہو جائے گی۔‘‘

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں