ترکی کے سفیر مہمت پاچاجی نے کل جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی ۔
انہوں نے پیشہ ورانہ اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ترکی کے سفیر نے ہوا بازی کی صنعت میں پاک فضائیہ کی بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیت کا اعتراف ہے ۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہاکہ پاکستان اورترکی دیرینہ مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے دونوں ملکوں کی فضائی افواج کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہاکہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اوراستحکام سے متعلقہ اہم امور پر ہم آہنگی کی بنیاد پر قائم ہیں۔