ڈیرہ اسماعیل خان کے پریس کلب میں شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام “حسین سب کا”
کے عنوان سے سیمینار کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نواسہ
رسول حضرت امام حسین عالی مقام کی تعلیمات اسلام کی سربلندی، حق سچ پر ڈٹ جانے
اور ایثار و قربانی کا درس دیتی ہیں.
“حسین سب کا” کے عنوان سے کمشنر ڈیرہ ڈویژن عامر آفاق، سٹی مئیر تحصیل ڈیرہ کیپٹن(ر)
عمر امین خان گنڈہ پور، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقی،
عالم دین مولانا قاری خلیل احمد سراج، سابق ایم پی اے عبد الحلیم خان قصوریہ، شیعہ علماء
کونسل کے ضلعی صدر علامہ کاظم مطہری، تحصیل پہاڑ پور کے صدر علامہ حسن وحیدی،
جماعت اہلسنت کے رہنما صاحبزادہ عابد فاروقی، معروف سیاسی سماجی شخصیات راجہ شوکت
علی، زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، معروف صحافی ابوالمعظم ترابی اور دیگر مقررین نے محرم الحرام
میں ملک میں قیام امن کی اہمیت کو اجاگرکیا.
انہوں ئے کہا دشمن مسلمانوں کو مختلف مسالک اور فرقوں میں تقسیم کرکے نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔
جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ محبت، امن و امان اور بھائی چارے کی فضا
قائم کر کے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا ہے۔
انتظامیہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور تمام مکاتب فکر کے علماء و اکابرین عاشورہ محرم
الحرام کو پرامن یقینی بنانے کیلئے متحرک ہیں یہ شہر یہاں کے باسیوں اور آپ لوگوں کا ہے۔
شرپسند عناصر آپ کے اور آپ کی نسلوں کے دشمن ہیں، ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ تمام
مکاتب فکر امن بھائی چارے یگانگت اور ایثار کے جذبہ سے سر شار ہیں۔
شیعہ علما ء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا نبی کریم
صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی ذات مبارکہ کی طرح آپ کا خانوادہ بھی کسی مذہب، مسلک یا گروہ
کا نہیں بلکہ انسانیت کا محسن ہے۔
دنیا میں جب بھی ایثار قربانی اور دین کی خاطر ڈٹ جانے کی بات کی جاتی ہے تو مثال ہم مسلمانوں
کے آقا امام عالی مقام کی دی جاتی ہے۔ جلد وہ دن آئیں گے جب بازار کھلے ہونگے اور تمام مسلمان
عزاداری امام عالی مقام و شہدائے کربلا میں بھی شامل ہوں گے۔
انہوں نے ڈیرہ دریا خان پل کی خستہ حالی و صفائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور شہر میں
صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔