کراچی: تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہاہے کہ سندھ کے لوگوں کی زندگی دن بدن اجیرن ہوتی جارہی ہیں، عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، تمام سروے میں شہر قائد نیچے جارہا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہاکہ میڈیا نے کراچی میں بارشوں کی صورتحال سے بروقت آگاہ کیا، میڈیا کے مشکور ہیں نمائندوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سیاسی ایڈمنسٹریٹر کراچی کو صاف کرنے میں ناکام ہوگیاہے۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ کراچی کے ساتھ سندھ کے دیگر علاقوں کی حالت بھی اچھی نہیں ہے، لاڑکانہ میں ایڈز، کتوں کی ویکسین نہیں ہے لاڑکانہ سے بلاول جیت کر آئے، سیہون سے وزیر اعلی سندھ کامیاب ہوئے سیہون کے حالات بھی بدتر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بارشوں کا گزشتہ اسپیل میں این جی اوز، افواج پاکستان عوام کیلئے کام کرتے نظر آئے، بارشوں میں ایڈمنسٹریٹر کراچی، وزیراعلی کہیں نظر نہیں آئے، کراچی کی کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جو ٹوٹی پھوٹی نہ ہو۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آصف زرداری بلاول اپنے وزیروں سے پوچھیں ان اموات کا ذمہ دار کون ہے، سمندری مقامات پر دفعہ 144 لگانے کے باوجود عملدرآمد نہیں کرایا جارہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سمندری مقامات پر سندھ حکومت کا ریسکیو نمائندہ اہلکار نہیں ہے، لوگوں کو ایدھی فائونڈیشن، چھیپا ریسکیو سروس دے رہے ہیں، سکھر بیراج میں لوگوں کی لاشیں تیر رہی ہیں ذمہ دار کون ہے۔