لاہور:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے ایسا تاثر قائم کیا جیسے وہ بہت ایماندار ہیں، وہ بھارتی کمپنی سے کنسلٹنسی فیس لیتے رہے، ان کے اکاونٹ میں بھارتی کمپنی سے پیسے آئے۔
شہباز گل نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، ایک سے زائد بار وزیرپٹرولیم رہے ہیں اور بطور وزیر پیٹرولیم انہوں نے تین ٹی ٹیز وصول کیں، شاہد خاقان عباسی کو 3 جنوری 2017 اور 30 جنوری 2017 کو ٹرانزیکشنز ہوئیں، ٹرانزیکشنز کے تمام ریکارڈ زموجود ہیں، تصدیق کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ بھارتی کمپنی سے 14،14 کروڑ یہ کس مد میں لے رہے تھے؟ شاہدقاخان عباسی سے پوچھیں تو فلمی قسم کی کہانی سنائیں گے، ہم پاکستان سے گئے ہوئے لوگوں سے فنڈز اکٹھا کریں تو اسے جرم بتاتے ہیں۔
شہباز گل نے سیاسی مخالفین پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ باجی نے اپنے شوہر کی سگریٹ بنانے والی کمپنی کو فائدہ پہنچایا، دن رات توشہ خانہ، توشہ خانہ کرتے ہیں، قطر نے تحفہ دیا ہے تو وہ توشہ خانہ میں جمع کرائیں، قطر والے اپارٹمنٹ اور اس میں رہنے ولے بھی توشہ خانہ کی ملکیت ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سابق آئی جی اب ریلوے کے آئی جی لگ گئے ہیں،سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہدایات دی گئی ہیں، ریلیف سرگرمیوں پرعمران خان کو بریفنگ دی گئی ہے، عمران خان نے ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، احساس پروگرام کے حوالے سے بھی میٹنگ ہوئی ہے۔