برسلز: بھارت کے نام نہاد یوم آزادی پر یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں نے یورپی ہیڈ کوارٹرز برسلزمیں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل یورپ (ای یو) نے کیا جس میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ، کشمیرپیس فورم، پی پی پی اور پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
یادرہے کہ کشمیرکے دونوں حصوں میں موجود کشمیری باشندے اور دنیاکے دوسرے خطوں میں رہنے والے ان کے ہم وطن ہرسال 15اگست بھارت کے یوم آزادی کو احتجاجا یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے تین سال پہلے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مقبوضہ کشمیر میں بیشمار لوگوں بشمول سیاسی رہنماووں کو گرفتار کرلیا تھا اور وادی میں لاک ڈان نافذ کرکے مقبوضہ وادی کے لوگوں کے بنیادی شہری حقوق بھی صلب کرلئے تھے۔ اس وقت سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔