اسلام آباد: پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں پاکستان اسٹیٹ آئل(پی ایس او) کے پیٹرول اور ڈیزل کی کوالٹی پر شدید اعتراضات اٹھ گئے۔
چیئرمین کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ پی ایس او کا پیٹرول ڈیزل ٹھیک نہیں ہے، پی ایس او کا ڈیزل گاڑی میں ڈالتا ہوں تو مائلیج کم،آواز خراب اور ہر چیز تباہ،پی ایس اوکی کوالٹی بڑی خراب ہو گئی ہے،
اجلاس میں وزارت پیٹرولیم کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا جانا تھا تاہم سیکرٹری پیٹرولیم کورونا پازیٹیو ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کر سکے ، جس کی وجہ سے چیئرمین کمیٹی نے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ موخر کردیا ،
چیئرمین کمیٹی نے پی ایس او کے پیٹرول اور ڈیزل کی کوالٹی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ پی ایس او کا پیٹرول ڈیزل ٹھیک نہیں ہے، پی ایس او کا ڈیزل گاڑی میں ڈالتا ہوں تو مائلج کم،آواز خراب اور ہر چیز تباہ،پی ایس اوکی کوالٹی بڑی خراب ہو گئی ہے۔
نور عالم خان نے ایم ڈی پی ایس او سے کہا کہ آپ کتنی تنخواہ لے رہیں ؟جس کے جواب میں ایم ڈی پی ایس او نے کہا کہ 1.6ملین بیسک ہے، 3.2ملین ٹوٹل ہے، نور عالم خان نے کہا کہ میں نے ضرور پوچھنا ہے کہ پیٹرول خراب ہے ڈیزل خراب ہے اور آپ کی تنخواہ کتنی ہے یہ میرا حق ہے ،اگر اس سے آپ کا موڈ خراب ہوتا ہے تو استعفیٰ دے کر چلے جائیں پاکستان میں بہت کوالیفائیڈ جوان ہیں اور آپ سے کم تنخواہ پر آئیں گے ،ہم اشتہار دے دیں گے ۔