کراچی : وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے آئی ٹی سی این ایکسپو 2022 کا افتتاح کردیا۔
ایکسپو سینٹرمیں منعقدہ تین روزہ نمائش کا ٹائٹل آئی ٹی و ٹیلی کام شوہے۔انٹرنیشنل آئی ٹی سی این نمائش میں مقامی و بین الاقوامی 500 سے زائد ٹیک کمپنیاں شریک ہیں۔آئی ٹی سی این 2022 نمائش میں 800 کمپنیوں کے 1500 سے زائد بین القوامی برانڈز مشتہر کیے جارہے ہیں۔
نمائشی مرکز کے 4 ہالز پر مشتمل اکیس ویں آئی ٹی سی این نمائش میں 100 سے زائد اسٹارٹ اپس کو بھی شریک کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے بدھ کو آئی ٹی سی این نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ کو بڑھانا ہمارا اولین مقصد ہے۔وزیراعظم کی تاکید پر آئندہ چند برسوں میں آئی ٹی ایکسپورٹ کو پندرہ ارب ڈالر تک لے جانا ہے۔اگلے سال تک آئی ٹی ایکسپورٹ کیلئے 5 ارب ڈالرز کا ہدف مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی و ٹیلی کام انڈسٹری کو درپیش مسائل کا ادراک ہے۔انڈسٹری کیلئے مزید ریفارمز، ٹیکسز میں کمی سمیت دیگر سفارشات پر کام کررہے ہیں ۔سائبر سکیورٹی پالیسی اور پرسنل ڈیتا پروٹیکشن پر کام مکمل ہوچکا ہے۔کراچی میں 31 ارب روپے کی لاگت سے آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے تمام ابتدائی مراحل طے کرلیئے گئے ہیں جلد ہی اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے تعاون سے حیدرآباد میں بھی آئی ٹی تربیت مختلف درسگاہوں میں شروع کی گئی ہیں۔پاکستان کو کرائم فری اسٹیٹ بنانے کیلئے آئی ٹی سرولینس ڈیٹا بنا رہے ہیں۔اسمارٹ پولیسنگ کے نام سے وزارت آئی ٹی کے اہم منصوبے کو ملک بھر میں توسیع دے رہے ہیں، جس میں پولیس کے نظام اور مجرموں کے کوائف کو مکمل کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔