وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لیے 10 ارب جب کہ سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے 15 ارب روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ضلع جعفر آباد کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں حاجی اللہ دینو کا دورہ کیا جہاں انہیں متاثرین کو پہنچنے والے نقصانات سے مختصراً آگاہی کرائی گئی۔
وزیر اعظم نے بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے دورے کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ آرمی چیف اور نیول چیف سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کوشاں ہیں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز متاثرین کو بچانے کیلئے مصروف ِعمل ہیں۔
شہباز شریف نے سندھ کے سیلاب زدگان کیلئے 15 ارب روپے جب کہ بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے دس ارب روپے گرانٹ کا اعلان کیا اور مخیر حضرات سے بھی سیلاب زدگان کی امداد کرنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 ہزار روپے فی خاندان پورے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو دیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں 1000لوگ سیلاب کی وجہ سے اللہ کو پیارے ہوگئے بڑے رقبے پر فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں صوبہ سندھ اور بلوچستان میں بڑی تباہی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے علاقے ایسے ہیں جیسے چاروں طرف سمندر بہہ رہا ہو سیلاب اور طوفانی بارشوں نے 2010 کے سیلاب کی تباہی کا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ کل رات ایک شخص نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے مجھے 6 کروڑ روپے دیے ہیں۔