کراچی:شان مسعود کے نائب کپتان مقرر کئے جانے سے لاعلمی اور سلیکشن کمیٹی سے شکوہ کے سوال پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ہم ایک پیج پر ہیں، ہماری مشاورت سے ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز کیلئے وکٹ دیکھ کر فائنل الیون کا انتخاب کریں گے اور ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔
ٹرافی کی تقریب رونمائی سے قبل کراچی میں کیوی کپتان کین ولیمسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کپتان بابراعظم نے کہا کہ وائٹ بال میں ہماری کارکردگی اچھی ہے، اس کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بولنگ لائن بہت مضبوط ہے، کوشش ہوگی بہترین فائنل الیون کا انتخاب کریں۔بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہترین ہے، سیریز میں اچھے میچز ہوں گے۔
سابق کپتان سرفراز احمد کی واپسی کے سوال پر انہوں نے کہاکہ سرفراز نے چار سال بعد ڈریم کم بیک کیا.نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بہت مضبوط ہے، کوشش ہوگی کہ پاکستان کے خلاف اچھا پرفارم کریں، پاکستان کے ساتھ سیریز چیلنجنگ ہوگی۔
