ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

صوبائی وزیر کے اعلان کے بعد بھی پیپلز بس سروس کی موبائل ایپ کا اجراء نہیں ہوسکا

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) سندھ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی کے سبب ایک ماہ گزرنے کے باوجود پیپلز بس سروس کی موبائل ایپلی کیشن کا مکمل اجراء نہیں ہوسکا ہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے27 اکتوبر2022 کو پیپلز بس سروس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ30 نومبر سے شہریوں کی سہولت کے لیے پیپلزبس سروس کی موبائل ایپلی کیشن مکمل طور پر لانچ کردی جائے گی۔

سرکاری ذارئع کے مطابق پیپلز بس سروس کراچی (بی آر ٹی) کے نام سے سندھ حکومت نے موبائل ایپلی کیشن کا عارضی طورپرتواجراء کردیا ہے تاہم اب تک یہ موبائل ایپلی کیشن پلے اسٹور پر آسانی سے ڈاﺅن لوڈ نہیں ہورہی ہے اور نہ ہی اس میں پیپلز بس سروس (ریڈ لائن) بسوں کے روٹس کے حوالے سے مسافروں کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

اجراء کی جانے والی موبائل ایپلی کیشن میں کراچی کی ان لوکل بسوں کے روٹس بھی شامل کردیئے گئے ہیں جو بسیں کراچی کے روٹس پر چلنا بند ہوگئی ہیں جبکہ ان کے کرائے کے تفصیلات بھی پرانے شامل ہے۔

 ایپلی کیشن میں ایک اسٹاپ سے دوسرے اسٹاپ کا کرایہ 20 روپے فی اسٹاپ بتایا گیا ہے جبکہ موجودہ چلنے والی کوئی بھی پرانی سی پرانی بس کا کرایہ 50 روپے فی اسٹاپ وصول کیا جارہا ہے پرانی لوکل بسوں کی تفصیلات میں کراچی میں چلنے والی مزدا، کوچز،بڑی بسیں شامل ہیں اور جو بسیں کراچی میں بند ہوچکی ہیں جن بس روٹس کے نام بھی نہیں سنے ہیں کراچی کے شہریوں نے اسے بھی لوکل بس روٹس میں شامل کرکے ایپلی کیشن میں شامل کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے موقف جاننے کے لیے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی)کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو سے ان کے نمبر پر متعدد بار رابط کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں جسارت کی جانے والی فون کال اٹینڈ نہیں کی۔

بعد ازیں سندھ ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ترجمان امبرین فاطمہ نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیا ر کیا کہ لوکل بس روٹس جو کہ موبائل ایپلی کیشن میں شامل ہے اس کو ہماری آئی ٹی ٹیم دیکھ رہی ہے،آئندہ چند روز میں اس کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ مسافر آسانی کے ساتھ کراچی کے مختلف روٹس پرسفرکرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی پیپلزبس سروس (بی آرٹی) کی موبائل ایپلی کیشن کا عارضی طور پر اجراءکیا گیا ہے جس میں پیپلز بس سروس کے حوالے سے روٹس کی معلومات، گرین لائن میٹروبس اور اورینج لائن میٹرو بس سروس میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سفری کارڈ کا حصول آسان بنایا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر چلنے والی 240 پیپلز بس سروس جوکہ مختلف روٹس جس میں روٹ نمبر 1 تا روٹ نمبر12 کراچی کے شہریوں کو سفری سہولت فراہم کررہی ہے بس کو جدید اور مسافروں کی سفری سہولت کو آسان بنانے کے لیے  موبائل ایپلی کیشن میں ہر روٹ کے بارے میں الگ الگ معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مسافروں کی آسانی کے لیے ایپلی کیشن میں لائف کولیشن ٹریکنگ سسٹم بھی شامل ہے تاکہ بسوں میں سفر کرنے والے مسافر بس کے بارے میں کس وقت بس کہاں اور کس اسٹاپ پر موجود ہیں، مسافروں کو معلوم ہوسکے کہ سفر کرنے والا مسافر کون سے روٹ نمبر کی بسیں میں سوار ہے اور اس وقت کہاں پر موجود ہیں بس اسٹاپ پر بس کتنی دیر رکنی ہیں اور دوسری بس کتنے دیر بعد اسٹاپ پر آتی ہے۔اس موبائل ایپلی کیشن میں موجود ہیں۔

 ترجمان نے مزید کہا کہ اس ایپلی کیشن کے زریعے مسافر آسانی کے ساتھ گرین لائن میٹرو بس،اوورینج لائن میٹرو بس کے ماہانہ کارڈ کے حصول کے لیے آسانی سے آن لائن درخواست بھیج سکتے ہیں اور کراچی کے تمام روٹس پر چلنے والی بسوں کے بس روٹس موبائل ایپلی کیشن میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایپلی کیشن پرابھی مزید کام جاری ہے۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے27اکتوبر2022 کو پیپلز بس سروس کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ30 نومبر سے شہریوں کی سہولت کے لیے پیپلز بس سروس کی موبائل ایپلی کیشن لانچ کردی جائے گی۔

 صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ موبائل ایپ کے زریعے شہریوں کو بس سروس کو ٹریک کرنے اور آن لائن ادائیگی کی سہولت میسر ہوگی، آئی ٹی ایس سسٹم میں سی سی ٹی وی کیمرے،اسکرین،لائیو ٹریکنگ اور مانیٹرنگ کی سہولیات شامل ہوگی تاہم ایک ماہ گزرنے کے باوجود پیپلز بس سروس کی موبائل ایپلی کیشن کا مکمل طور پر اجراء نہیں ہوسکا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں