ویٹیکن سٹی میں متعین ترک سفیر لطف اللہ گوکتاش نے بتایا ہے کہ روس او ریوکرین کے درمیان ترکیہ کی مصالحتی کوششوں کو ویٹیکن میں کافی سراہا گیا ہے۔
لطف اللہ گوکتاش نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ انہوں نے سال نو کی مناسبت سے ویٹیکن میں پاپائے روم سے ملاقات کی ہے۔
اس دوران پاپائے روم فرانسسکس نے ترک سفیر سے کہا کہ وہ صدر ایر دوان کو پیغام پہنچائیں کہ وہ بحالی امن کی کوششیں کرتے رہیں،روس اور یوکرین کے درمیان ترکیہ کی مصالحتی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
پاپائے روم نے مزید کہا کہ سفارتی کوششیں، مسائل کے حل،تعاون میں فروغ کے ماحول کو پنپنے اور مشترکہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اہم ہوتی ہیں، یوکرین میں جنگ نےہلاکتوں اور تباہ حالی کی ہی نہیں بلکہ بھوک اور ٹھٹھرتی اموات کی راہ بھی ہموار کی ہے، مجھے یہ مطالبہ دوبارہ کرنا پڑ سکتا ہے کہ توانائی و غذائی پیداوار کے شعبے میں مشکلات کے باعث پڑنے والے اثرات کی بدولت افریقہ اور مشرق وسطی سمیت دیگر علاقوں میں جاری بے معنی خون ریز جھڑپوں کا ماحول جلد ہی ختم کیا جائے۔