اسلام آباد: تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی ناصر خان موسیٰ زئی نے اپنا استعفا قبول نہ کرنے کے لیے اسپیکر کو خط لکھ دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی چھوڑ کر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہونے والے ایم این اے ناصر خان موسیٰ زئی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ میں قومی اسمبلی سے مستعفی ہونا نہیں چاہتا۔ انہوں نےخط میں وضاحت بھی کی کہ میرا استعفا دراصل تحریک انصاف کے دفتر میں کمپیوٹر آپریٹر نے ٹائپ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اسمبلی رکنیت قائم رکھنا چاہتا ہوں، جب کہ پارٹی آفس کا خط سیاسی مقاصد کے لیے تھا۔ناصر خان موسیٰ زئی نے کہا کہ میں اپنا استعفا واپس لیتا ہوں اور اپنے حلقے کے مسائل کی آواز بلند کرنے کے لیے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کروں گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے رکن قومی اسمبلی بننے والے ناصر خان موسیٰ زئی کچھ عرصہ قبل پارٹی چھوڑ کر جمعیت علمائے اسلام میں شامل ہو چکے ہیں۔
