کراچی:قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی توہین الیکشن کمیشن میں گرفتاری افسوسناک ہے، الیکشن کمیشن اس وقت جمہوریت اور آئین کی بربادی کیلئے کردار ادا کررہا ہے۔
حلیم عادل نے کہاکہ کیا اس سب کے باوجود بھی الیکشن کمیشن کی کوئی توہین ہوسکتی ہے الیکشن کمیشن نے کھلے عام سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی اس وقت خفیہ اور اعلانیہ ہاتھ اپنی بربریت پر اتر آئے ہیں اس سب کا ڈٹ کر ہم مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر گری ہوئی حرکتوں پر اتر آئی ہے ملک کا دیوالیہ نکالنے کے بعد یہ لوگ ملک میں خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں، غیروں کی غلامی میں امپورٹڈ حکومت نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے ملک میں جنگل کا قانون نافذ کیا جا چکا ہے۔
حلیم عادل نے کہاکہ عوامی رائے کو کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی ہے ملک میں مہنگائی کا طوفان آچکا ہے مزید مہنگائی کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں عوام خودکشیاں کرنے پرمجبور ہوگئے ہیں مہنگائی کے باعث ٹنڈو الہیار میں ماں باپ نے خودکشی کر لی۔
