اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں 74سالوں سے جاری بھارتی ریاستی جبر اور دہشتگردی کا سختی سے نوٹس لے۔
جنوبی ایشیا کا سب بڑا تنازعہ74سالوں سے زیر التوا ہے۔ اقوم متحدہ اور اقوام عالم کو کشمیریوں کی آزادی، انسانی حقوق اور حق خود اختیاری کا احترام کرنا ہوگا۔ شہید بی بی نے 5فروری کویوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا۔اس دن منانے کا مقصد اپنے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرنا، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے آواز بلند کرنا اور مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار شیری رحمان نے اتوار کے روز یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ میں مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر کے کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ حکومت پاکستان اور ہر شہری آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیر اور کشمیر کے غیور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔مودی حکومت 5اگست 2019کو اپنے آئین کے آرٹیکل 35A اور370 کاخاتمہ کر کے سمجھتی ہے کشمیر ان کا ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور دنیا کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ کشمیر اور کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی آئین میں ترمیم سے نہیں بلکہ کشمیریوں کی خواہش اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوگا۔ عالمی دنیا کی جانب سے کشمیر میں مودی حکومت کے ریاستی جبر پر مجرمانہ خاموشی بہت ہی افسوسناک ہے۔
