ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہے گا،بلاول بھٹو

اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہے گا، بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرے۔

یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان کبھی چین سے بیٹھے گا نہ خاموش تماشائی بنے گا، 7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں اور انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے، آج مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں 9 لاکھ سے زیادہ قابض بھارتی فوج تعینات ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیری مسلسل خوف میں زندگی بسر کر رہے ہیں کیونکہ بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں طاقت کے اندھا دھند استعمال اور ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے، کشمیریوں کو غیرقانونی حراست، تشدد اور جائیدادوں کی ضبطی کا سامنا ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرنا ہوں گی، بھارت آبادیاتی ڈھانچے میں تبدیلیوں سمیت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لے اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرے، پاکستان کشمیری عوام کی غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں