کراچی: پروڈیوسر علی حسین نے اپنی ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں تفصیل بتا دی۔
دو روز قبل کراچی کےعلاقے تین ہٹی کے قریب جمشید روڈ پر کوارٹرز میں جاری شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں نے اداکارہ حرا مانی، گلِ رانا اور چائلڈ اسٹارز سمیت ڈرامے کی ٹیم پر حملہ کر کے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تاہم معاملہ کیا تھا اور علاقہ مکینوں نے ٹیم پر حملہ کیوں کیا، پروڈیوسر علی حسین نے تفصیلات بتا دی ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری بیان میں علی حسین نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران 100 حملہ آوروں نے ان کی ٹیم پر حملہ کیا توڑ پھوڑ کی، حرا مانی، گلِ رانا اور دیگر اداکاروں سمیت ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے ٹیم کے 7 ارکان شدید زخمی ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت اداکارہ گل رعنا، حرا مانی ، سلمیٰ ظفر اور 3 چائلڈ ا نے خود کو کمرے میں بند کرلیا تھا حرا مانی کمرے کے اندر سے مشتعل افراد سے دروازہ نہ توڑنے کی درخواست کرتی رہیں لیکن وہ کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہوگئے۔
علی حسین نے بتایا کہ کاسٹ اور کریو ممبر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور حرا مانی سمیت دیگر اداکاراؤں کو ہراساں کیا جبکہ بچوں کو بھی ڈرایا دھمکایا۔

اس دوران 7 ممبر بری طرح زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی جبکہ واقع کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروادی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق علاقہ مکین چاہتے تھے کہ ان کے علاقے میں شوٹنگ نہ کی جائے، پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 6 نامز د ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔