چینی فوجی جہاز کے بحیرہ جنوبی چین میں فلپائنی کوسٹ گارڈ کے جہاز کے عملے کو ملٹری لیزر بیم سے نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
فلپائنی کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز نے فلپائن کے کوسٹ گارڈ کے جہاز پر لیزر بیم سے حملہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لیزر بیم عملے میں سے کچھ میں عارضی طور پر اندھا پن کا باعث بنی اور اس حملے سے منیلا کے خود مختار حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کا ‘مغربی فلپائنی سمندر’ میں فوجی اہلکاروں کے لیے خوراک اور سامان لے جانے والے جہازوں کو جان بوجھ کر روکنا فلپائن کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
فلپائن کے کوسٹ گارڈ کے اہلکار کموڈور آرمنڈ بالیلو نے بتایا کہ چین اس سے قبل متنازعہ علاقے میں فلپائنی کوسٹ گارڈ کے جہازوں کو روکنے کے لیے مختلف سرگرمیوں میں مصروف تھا لیکن پہلی بار اس نے عملے کو جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کے لیے لیزر بیم کا استعمال کیا۔
چین بحیرہ جنوبی چین کے 80 فیصد پر خودمختاری کا دعویٰ کرتا ہے۔ زیرِ آب وسائل سے مالا مال خطے میں ساحلی پڑوسی ممالک جی جس میں ویتنام، برونائی اور ملائیشیا بالخصوص فلپائن کے ساتھ خودمختاری کے تنازعات کا باعث بنتے ہیں۔