لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے کہنے پر الیکشن ہو سکتا ہے نہ ہو گا، صدر مملکت عمران خان کے صدر نہ بنیں ملک کے صدر بنیں، آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ دینا صدر کا کام نہیں۔
طلال چوہدری نے صدر مملکت کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ، عارف علوی نے صدر کے دفتر کو مذاق بنا لیا ہے، پاکستان کو وہ الیکشن چا ہیے جو پاکستان کی ضرورت پوری کرے، جس طرح سے صدر نے کیا ہے، اس طرح سے الیکشن نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہاکہ قانون میں الیکشن کا طریقہ کار موجود ہے، الیکشن کو متنازع بنانے کے لیے صدر مملکت نے اپنا منصب استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، الیکشن کی تاریخ دینے کے صدر کے فیصلے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہم مارشل لا سے نہیں ڈرے الیکشن سے کیا ڈریں گے لیکن خان صاحب چاہتے ہیں ان کی خواہش کے مطابق الیکشن ہوں اور اسمبلیاں چلیں، پی ٹی آئی اور صدر عارف علوی نے الیکشن کو متنازع بنانے کے لیے پہلا قدم اٹھا لیا ہے لیکن الیکشن کمیشن اپنی ذمے داریاں پوری کرے گا۔
