کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے کوہلو میں لیویز فورس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس میں 6 اہل کار شدید زخمی ہو گئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں لیویز فورس کے رسالدار بھی شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوہلو کے جنتلی نامی علاقے میں لیویز فورس کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا، جس میں 6 اہل کار شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے میں لیویز فورس کے رسالدار سمیت 2 زخمی اہل کاروں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوہلو میں لیویز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
