ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سپریم کورٹ اسٹیک ہولڈرز کو عام انتخابات کے لیے راضی کرلے، سراج الحق

Aid and loans

چارسدہ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ تمام سٹیک ہولڈرز کوجزوی کی بجائے عام قومی انتخابات کے لیے راضی کرلے،  عوام کی طرف رجوع کرنا ہوگا، ملک میں بیک وقت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے شفاف انتخابات ہونے چاہییں تاکہ قوم آئندہ پانچ برسوں کے لیے اپنے نمائندے منتخب کرلے۔

سراج الحق نے کہاکہ  قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن انتخابات سے متعلق ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوگئے تو عدالت عظمیٰ نے ازخود نوٹس لیا۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ کوئی ایک سیاسی پارٹی یا ادارہ ملک کو درپیش مسائل حل نہیں کرسکتا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعتوں نے عدالتوں کو یرغمال بنایا ہے اور مرضی کے فیصلے چاہتی ہیں، مگر اب عوام خاندانوں اور افراد کی بادشاہت کی بجائے قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی لڑائی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خاتمہ کے لیے نہیں، امریکا کو وفاداری ثابت کرنے اور اقتدار کے لیے ہے، انھوں نے ملک کا تماشا بنادیا۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ سیاسی و معاشی دہشت گرد، سیاسی اس لیے کہ انھوں نے عوام کے ساتھ ساتھ اداروں کو بھی یرغمال بنایا، معاشی اس لیے کہ انھوں نے ملک پر استعمار اور آئی ایم ایف کا ایجنڈا نافذ کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  آج قوم کا حکمران سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ اداروں پر بھی اعتماد اٹھ گیا، عوام مہنگائی کے ساتھ بدامنی کی بھی لپیٹ میں ہیں، چترال سے کراچی تک ہر شخص پریشان ہے، پٹرول کی قیمت میں 57روپے کا اضافہ کردیا گیا، بڑا زرعی ملک ہونے کے باوجود آٹا، چینی، سبزیوں، دالوں کی قیمتیں آسمان پر ہیں، اس پر یہ کہ غریب مظلوموں پر 170 ارب کے مزید ٹیکسز لگا دیے گئے، آئی ایم کی چھری وزیراعظم عوام کی گردنوں پرچلا رہے ہیں، استعمار کا کوڑا غریبوں کی پشت پر برس رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں