اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺکی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ آپ کا اخلاق سب سے بڑا تھا۔
اسلام آباد میں سیرت چیئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اس تقریب میں صنفی امتیاز نہ دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی، ترکوں نے دنیا پر سب سے زیادہ عرصہ حکومت کی، اس کی وجہ ترکوں کا غیر متعصب رویہ تھا، انہوں نے کسی پر مذہبی جبر مسلط نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی کم علمی کی وجہ سے خود کو اس لائق نہیں سمجھتا کہ سیرت پر بات کر سکوں، نبی کریم ﷺنے ہمیشہ امن کا راستہ اختیار کیا، صلح حدیبیہ میں امن کا راستہ چنا گیا، نبی کریمﷺ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ آپﷺ کا اخلاق سب سے بڑا تھا، آپ اور ہم دیکھیں کیا ہم میں یہ اخلاق کی صفت موجود ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ میں ایک دو دفعہ اپنی بیگم کے ساتھ گوشت خریدنے گیا، ان مرغیوں کو دیکھ کر میرا تو دل ہی نہیں کرتا کھانے کو، سفید چینی بنانے کیلئے ہم مٹیریل امپورٹ کرتے ہیں، چینی کینسر کی خوراک ہے، براؤن شوگر استعمال کرنے کی روایت ڈالنی چاہیے۔
