مدینہ منورہ: بے شمار رحمتوں و برکتوں والے مہینے رمضان المبارک میں اب تک مسجد نبوی میں آنے والےزائرین کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز ہو چکی ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں رمضان کے پہلے عشرے میں 10 ملین (یعنی ایک کروڑ) سے زائد زائرین مسجد نبوی میں عبادات کے لیے آئے۔
انتظامیہ اور متعلقہ امور کے حکام کی جانب سے زائرین کی سہولیات، ان کے تحفظ اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے مسجد نبوی، اس کے صحن اور ملحقہ تمام مقامات پر دستیاب سہولتوں کو مسلسل صاف کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں سیکڑوں رضاکار دن رات خدمات میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 2 برس سے کورونا وائرس کے باعث رمضان میں محدود عمرہ پروگرام پرعمل جاری تھا تاہم اس سال مکمل گنجائش کے بعد دنیا بھرسے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین ارض مقدس پہنچ رہے ہیں۔ اس سال رمضان کے پہلے عشرے میں زائرین کی تعداد غیرمعمولی رہی ہے۔ زائرین میں مملکت کے مختلف شہروں اوربیرون ملک سے آنے والے شامل ہیں۔
