فیصل آباد:وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہاہے کہ نظام عدل میں سہولت کاروں کی موجودگی کے باوجودعمران خان کوسہولت دینے والے مزیدبے نقاب ہوں گے۔اطہرمن اللہ کے تفصیلی فیصلہ میں جوکچھ لکھاگیا ہے اس کے بعدایک فردکی استعفیٰ سے ہی کچھ ساکھ بچ سکتی ہے۔
رانا ثنا نے کہاکہ نظام عدل کوسیاست کے لئے استعمال کرنے سے جمہوریت اورقانون کی حکمرانی ممکن نہیں، ایک فردکے ایک فردکیلئے فیصلوں سے عدلیہ کاوقارمجروح ہواہے، 4-3کے فیصلے میں توسب کچھ واضح ہوگیا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ جب جج اوراُن کافیصلہ متنازع اورعدم اعتمادہو جائے تواس کااخلاقی طورپرفیصلے میں شامل نہیں رہناچاہئے، دونوں کی خواہشات پوری نہیں ہوں گی ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کوبیٹی چھپانے سمیت دیگرکیسزمیں علم ہے کہ وہ نااہل بھی ہوگااورگرفتار بھی اس لئے وہ پہلے اداروں پردباؤاوراب اداروں کے علاوہ جن کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لئے تیارنہیں تھااُن کے پاؤں پکڑنے کے لئے بھی تیارہے مگراب ہم ایک جھوٹے اورنوجوان نسل کوگمراہ کرنے والے کوساتھ بٹھانے کے لئے تیارنہیں۔
اُنہوں نے دعویٰ کیاکہ بہت جلدعمران خان سہولت کاری سے محروم اورسیاست سے مرحوم ہوں گے جبکہ میاں نوازشریف عام انتخابات سے قبل واپس بھی آئیں گے اورجھوٹے مقدمات سے سرخروبھی ہوں گے۔ ہم انتخابات سے بھاگنے والے نہیں وقت اورحالات کے مطابق بہترہے ایک ساتھ الیکشن ہوں گے اورمسلم لیگ ن کامیاب ہوگی۔
