اسلام آباد:نیوزی لینڈ کے آل رانڈر جمی نیشم نے کہا ہے کہ بابر اعظم جیسے بیٹر کے خلاف اکثر بہتر سے بہتر پلان بھی کارآمد نہیں ہوتا،پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5ٹی 20اور 5ون ڈے میچز کی سیریز کے آغاز سے قبل انٹرویو میں جمی نیشم نے کہا کہ پاکستان میں اگلے چند دنوں میں بہت زیادہ کرکٹ ہوگی، پاکستان کو اس کے ہوم گرائونڈ پر ہرانے کیلئے بہترین کھیلنا ہوگا، امید ہے کہ نیوزی لینڈ کے پلیئرز اس سیریز میں اپنے حالیہ تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔
جمی نیشم نے کہا کہ اس بار موسم تھوڑا گرم ہے لیکن بائونڈریز کا سائز پچھلی بار کے مقابلے میں بڑا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہاں ہائی سکورنگ میچز کی توقع کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے گزشتہ چند سالوں کے دوران وائٹ بال کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دی ہے اور ٹیم کو اندازہ ہے کہ اس طرح کی کنڈیشن میں کس طرح کھیلنا ہے ،اہم بات یہ ہے کہ ہم اپنے پلانز پر ٹھیک طرح عمل درآمد کریں، بالرز کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے سپیلز کے دوران حریف کو بڑا سکور بنانے سے روکیں۔
نیشم کا کہنا تھا کہ کسی بھی بیٹر کے خلاف کوئی پرفیکٹ پلان نہیں ہوسکتا، ٹیمں اپنا ذہن بنا کر آتی ہیں کہ کس بیٹر کو کہاں بالنگ کرانی ہے، اس کے کچھ فوائد بھی ہیں اور کھ نقصانات بھی، آخر میں وہی بات اہم ہوتی ہے کہ کون اپنا پلان ٹھیک طرح اپلائی کرتا ہے اور قسمت کس کا ساتھ دیتی ہے، بابر اعظم جیسے مستند بیٹر کے خلاف اکثر اچھے سے اچھا پلان ناکام ہوجاتا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ہم ان کے خلاف اپنا بہترین کھیل دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کم تجربہ کار اور نوجوان پلیئرز کی موجودگی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں میں کچھ کر دکھانے کا جذبہ ہے جس سے ٹیم کو فائدہ ہوگا، امید ہے اگلے چند روز کے دوران یہ پلیئرز اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور بتائیں کہ ان میں کیا صلاحیتیں ہیں۔
