اسلام آباد:پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ، نائلہ نے 8091میٹر اونچی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا کو سرکر لیا۔
نائلہ کیانی دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں،وہ پیر کی صبح نیپال میں واقع مانٹ انا پورنا کے ٹاپ پر پہنچیں، انہوں نے پاکستانی کوہ پیماشہروز کاشف کے ساتھ ہی انا پورنا کو سمٹ کیا،اس 6رکنی ٹیم میں دو پاکستانی کوہ پیمائوں کے ساتھ بھارت کے ارجن واجپائی بھی شامل تھے۔
https://www.instagram.com/p/CrH3SVdqqNc/?utm_source=ig_web_copy_link
نائلہ کیانی اس سیزن میں مائونٹ ایورسٹ اور لوٹسے بھی سر کریں گی،اس سے قبل نائلہ نے دنیا کے 13ویں بلند ترین پہاڑ گاشر برم ٹو کو فتح کرکے پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ، وہ پہلی کوہ پیما بھی ہیں جنھوں نے اپنی پہلی مہم میں ہی آٹھ ہزار میٹر کی چوٹی فتح کی تھی۔
واضح رہے کہ نائلہ 8ہزار میٹر سے بلند 4چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، وہ کے ٹو، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو سر کرچکی ہیں،نائلہ کیانی کا تعلق راولپنڈی شہر کے علاقے گجر خان کے ایک قدامت پسند خاندان سے ہے۔
انھوں نے ایرو سپیس انجینئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے اپنے اس شعبے میں بھی کام کررکھا ہے ،دسمبر 2021میں نائلہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوہ پیمائی میں ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔
