ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دوسرا ون ڈے: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 2 صفر سے برتری حاصل کرکے سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔

پاکستانی شاہینوں نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے 48.2اوورز میں3وکٹوں پر 337رنزبناکر کیویز کو 7وکٹوں سے شکست دی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 336رنز بناکر پنڈی اسٹیڈیم میں ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بناڈالا۔

اس سے قبل یہ اعزاز پاکستان کے پاس تھا ۔گرین شرٹس نے 2004ء میں روایتی حریف بھارت کیخلاف 329رنز بنائے تھے۔

مہمان ٹیم کے ڈیرل مچل اورپاکستان کے فخرزمان نے دوسرے ون ڈے میں بھی سنچریاں سکورکیں۔فخرزمان نے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں اپنے 3ہزاررنز بھی مکمل کرلئے۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 33کے مجموعی سکورپر گری جب ول ینگ 19رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کیویز کے دوسرے کھلاڑی چیڈبوز 119کے مجموعے پر 7چوکوں کی مدد سے 51رنز بناکر حارث رؤف کی بال پرہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ  ہوگئے۔تیسری وکٹ نسیم شاہ کے حصے میں آئی جب ڈیرل مچل 302کے مجموعی اسکورپر 8چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے شاندار 129رنز بنا کر محمدنواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

مہمان کپتان ٹام لیتھم 312کے ٹوٹل پر 8چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 98رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمدرضوان کاشکارہوگئے اوراپنی سنچری مکمل نہ کرسکے جبکہ نیوزی لینڈ کے پانچویں کھلاڑی چیپ مین صرف ایک سکور کرکے 327کے مجموعے پر حارث رؤف کی بال پر آؤٹ ہوگئے ان کا کیچ عبداللہ شفیق نے لیا۔

جیمس نیشم 17اور نیکولس 6رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4اور نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے بڑے پراعتماد طریقے سے اننگز کا آغاز کیا ،تاہم 66کے مجموعی سکورپر امام الحق 3 چوکوں کی مدد سے 24رنز بنا کر ہینری کی بال پرمچل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان بابراعظم آئے اورانہوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں فخرزمان کاخوب ساتھ نبھایا۔

بابراعظم 201کے مجموعی سکور پر 5چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے 65رنز بنا کر سودھی کی بال پر چیڈبوز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 218رنز پرگری جب عبداللہ شفیق 7رنز بناکر شپلی کی گیند پر ہینری کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

فخرزمان نے ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 144گیندوں پر 17چوکوں اور6چھکوں کی مدد سے 180رنز ناٹ آئوٹ جبکہ محمدرضوان نے 21گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 54رنز ناٹ آؤٹ بنائے، اس طرح پاکستان نے 48.2اوورز میں 337رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرکے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا۔

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں تین جبکہ نیوزی لینڈ نے دو تبدیلیاں کیں، پاکستان کی جانب سے فاسٹ بالر احسان اللہ نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا۔دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں بھی فخرزمان ہی پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں