وفاقی کابینہ نے 190 ملین پاؤنڈ سیکنڈل کیس میں نامزد سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے سرکلر سمری کے ذریعے عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ نیب کی سفارش پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بشریٰ بی بی کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 25 مئی کو وفاقی حکومت نے 9 مئی کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی کے معاملے پر عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت پی ٹی آئی کے 600 سے زائد رہنماؤں اور سابق ارکان اسمبلی کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے تھے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کی مدد سے گرفتار کیا تھا۔ جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پرتشدد احتجاج کیا۔ عسکری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔