جاپان کی حکومت نے کہا ہے کہ شمالی کوریا آنے والے کچھ ہفتوں میں سیارہ روانہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
جاپانی کیوڈو ایجنسی کے مطابق، جاپانی کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شمالی کوریا نے جاپان کو 31 مئی سے 11 جون کے درمیان ایک سیارہ بھیجنے کے بارے میں آگاہ کیا ہے جو کہ ایک بیلسٹک میزائل ہوسکتا ہے۔
جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے لانچ میں ایک بیلسٹک میزائل شامل ہوگا جبکہ پیانگ یانگ اسے ایک سیارہ قرار دیتا ہے۔
کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بتایا کہ پیانگ یانگ نے جاپان کے کوسٹ گارڈ کو مطلع کیا ہے کہ 31 مئی سے 11 جون کے درمیان ایک راکٹ چھوڑا جائے گا اور یہ ممکنہ طور پر سمندری حدود میں نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
دوسری جانب جاپانی وزیراعظم نے شمالی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ لانچنگ سے باز رہے بصورت دیگر وہ اپنے اتحادیوں امریکہ اور جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر ایکشن لے گا۔
واضح رہے شمالی کوریا نے اپریل میں اپنی پہلی جاسوس سیارے پر کام مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا اس طرح کے لانچ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والی میزائل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پابندی ہے۔