ایک بار پھر صدر منتخب ہونے والے رجب طیب ایردوان 2028 تک جاری رہنے والے اپنے عہدے کا آج سے سرکاری طور پر آغاز کر رہے ہیں۔
پہلی تقریب دارالحکومت انقرہ میں ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی میں منعقد ہوگی۔ جہاں پرایردوان کو صدارتی منصب کی اسناد پیش کی جائینگی۔
ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے عبوری اسپیکر کے طور پر، نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی کے رہنما دولت باہچےلی سب سے پہلے صدر ایردوان کوسرکاری مینڈیٹ پیش کریں گے۔ بعد ازاں جناب ایردوان جنرل اسمبلی میں حلف اٹھائیں گے۔
ترکیہ گرینڈ نیشنل اسمبلی میں ہونے والی تقریب میں دنیا بھر میں دلچسپی لی جا رہی ہے۔
نیٹو کے سیکرٹری جنرل یینز اسٹولٹن برگ صدر ایردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت اور اعلیٰ سطحی مذاکرات کے لیے ترکیہ میں ہوں گے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف ، آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشنیان بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی میں صدر کی حلف برداری کی تقریب میں صومالیہ، الجزائر اور بلقان ممالک سے صدارتی سطح پر شرکت ہو گی۔
بعض ممالک کی نمائندگی ان کے وزرائے خارجہ کریں گے۔ صدر ایردوان کی تقریب حلف برداری میں امریکہ کی نمائندگی سفیر جیفری فلیک کریں گے۔ روس کی جانب سے ریاستی دوما کے اسپیکر ویاچسلاوف ولودن شرکت کریں گے۔
صدر ایردوان غیر ملکی مہمانوں کے اعزاز میں ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے قصرِ چنکایہ میں عشائیہ دیں گے۔
جس کے بعد صدر ایردوان کی نئی کابینہ کا اعلان متوقع ہے۔