کراچی: سمندری طوفان بائپر جوائے کا شہرقائد میں خطرہ ٹل گیا ہ.
محکمہ موسمیات کے مطابق بائپر جوائے گجرات میں جاکھاؤ پورٹ اور ملحقہ سرحد کو کراس کرگیا، طوفان کے باعث ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹا ہے، شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10سے15 فٹ بلند ہیں، طوفان نےجہاں لینڈ فال کیا وہ کراچی سے 270 کلومیٹرمشرق میں ہے۔
طوفان گجرات اور پاک ہند بارڈر کی ساحلی پٹی کے قریب ٹکرانے کے بعد مزید گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے۔ بائپرجوائے کٹیگری 3 سے کٹیگری 2 میں تبدیل ہوتا جائے گا، طوفان کے گرد 10سے15 فٹ اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں،آج شام تک سمندری طوفان ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گا۔
این ڈی ایم اے نے کے مطابق طوفان کےپاکستان کی ساحلی پٹی پرممکنہ اثرات مزید پیشرفت پر منحصر ہیں،متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، طوفان کے مکمل اثرات ختم ہو نے تک عوام محتاط رہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق طوفان بھارتی گجرات کا ساحل عبور کرنے کے بعد کمزور ہو گیا ہے، شدت میں کمی کے بعد سمندری طوفان انتہائی شدید سے شدید میں تبدیل ہوچکا، آج شام تک شدت مزید کم ہونے کے بعد درجہ بندی ڈپریشن میں تبدیل ہوجائے گی، مرکز کے گرد ہوا کی رفتار 100 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔