ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ، تاتار ترکوں کے وطن کریمیا سمیت یوکرین کی آزادی و خودمختاری اور زمینی سالمیت کو یقینی بنائے جانے کی پُر عزم حمایت کرتا ہے۔
فیدان نے برطانیہ کی میزبانی میں دارالحکومت لندن میں منعقدہ "2023 یوکرین بحالی کانفرنس” میں شرکت کی اور قومی بیان جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ "ترکی کا موقف ہمیشہ کی طرح اصولی اور فیصلہ کُن ہے۔ ہم ، جنگ کے پیدا کردہ تباہ کن اقتصادی نتائج سے بر سرپیکار ملک ‘یوکرین’ کی حمایت کرنا جاری رکھیں گے۔ کریمیا تاتار ترکوں کا قدیم وطن ہے اور ترکیہ اس موقف پر ثابت قدمی سے قائم ہے کہ کریمیا سمیت پورے یوکرین کی آزادی، خودمختاری اور زمینی سالمیت کو یقینی بنایا جائے”۔
وزیر خارجہ فیدان نے کہا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان، اناج سمجھوتے سے لے کر قیدیوں کے تبادلے تک ،یوکرین میں جنگ کے پیدا کردہ مصائب میں کمی کے لئے مستقل کام کر رہے ہیں۔ اس وقت ہمیں ایک ایسا فریم ورک ڈیزائن کرنے پر توجہ دینی چاہیے جو یوکرین کی مستحکم بحالی نو میں کردار ادا کرے”۔
فیدان نے کہا ہے کہ ترکیہ، یوکرین کی تعمیر نو میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ جنگ کے آغاز سے اب تک ترک ٹھیکیدار یوکرین میں 3،2 بلین ڈالر مالیت کے 50 منصوبوں میں شامل ہوچُکے ہیں”۔
18 اگست 2022 میں صدر رجب طیب ایردوان اور صدر ولادی میر زلنسکی کے درمیان تعمیر نو کے معاملے میں طے پانے والے سمجھوتے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ” ترکیہ یقین دہانی کرواتا ہے کہ تعمیر نو کے معاملے میں دوبارہ سے اپنے پاوں پر کھڑے ہونے میں یوکرین کی مدد کرے گا اور اس معاملے میں اپنے تمام تجربات اور معلومات کا استعمال کرے گا”۔
کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ خاقان فیدان نے اپنے متعدد غیر ملکی ہم منصبوں کے ساتھ بھی دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔